افغان سرحد سے ایران میں دراندازی کی بڑی کوشش ناکام، ایرانی بارڈر گارڈز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

ایرانی بارڈر گارڈز نے افغانستان کی سرحد سے ملک کے اندر داخل ہونے کی ایک بڑی اور خطرناک دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، ایرانی بارڈر گارڈز کے کمانڈر علی اکبر جاویدان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جھڑپ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کے سرحدی ضلع زابل میں پیش آئی، جہاں افغانستان کی سرحد عبور کر کے کچھ مسلح افراد ایران کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں گارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔ ایرانی کمانڈر نے مزید انکشاف کیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید ترین اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ یہ خفیہ معلومات بھی سامنے آئی ہیں کہ یہ مسلح افراد ایران کی سرزمین پر داخل ہو کر سرحدی چوکیوں پر بڑے دہشت گردانہ حملے کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ایرانی سیکیورٹی حکام نے ہلاک ہونے والے تمام افراد کو ایک منظم اور خطرناک دہشت گرد گروہ سے منسلک قرار دیا ہے، تاہم تحقیقات کے پیشِ نظر ابھی تک اس مخصوص تنظیم یا گروہ کا نام میڈیا کے سامنے ظاہر نہیں کیا گیا۔

Exit mobile version