رپورٹ: ڈاکٹر انصر فاروق مغل
گجرات میں چناب ٹول پلازہ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری اور سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کر دیے ہیں۔ گزشتہ 4 جون 2026 کو شہر میں چلنے والی تیز آندھی کے باعث ایک مقامی معروف کیفے، ‘کافی بینز اینڈ ٹی لیف’ (CBTL) کا ایک بہت بڑا اور وزنی اشتہاری بورڈ اچانک نیچے آ گرا تھا، جس کی زد میں آ کر وہاں موجود تین معصوم شہریوں کی گاڑیاں بری طرح تباہ ہو گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ کمپنی کو متاثرین کے ہونے والے نقصان کا سو فیصد معاوضہ ادا کرنے کی سخت ترین ہدایات جاری کیں، جس کے نتیجے میں کمپنی نے گجرات کے رہائشی عمر بٹ، سیالکوٹ کے خاور راحت اور لالہ موسیٰ سے تعلق رکھنے والے فاروق حیدر کو ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضے کے چیکس تقسیم کر دیے ہیں۔ اس دوران کی جانے والی سرکاری تحقیقات میں یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ مذکورہ اشتہاری بورڈ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی حدود میں بغیر کسی قانونی این او سی (NOC) کے مکمل طور پر غیر قانونی طور پر نصب کیا گیا تھا۔ اس سنگین خلاف ورزی پر ضلعی کونسل گجرات نے ‘پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025’ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کمپنی پر بھاری مالی جرمانہ عائد کر دیا ہے، جبکہ اسی برانڈ کی جانب سے لگایا گیا ایک اور غیر قانونی اشتہاری بورڈ بھی فوری طور پر موقع سے ہٹوا دیا گیا ہے۔





