جون 7, 2026

ڈی پی او کامران عامر خان کی ہدایت پر دریائے چناب کے کچے میں منڈی بہاءالدین پولیس کا گرینڈ آپریشن، مشکوک ٹھکانے تباہ

منڈی بہاؤالدین( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ضلع منڈی بہاءالدین پولیس نے جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری مجرمان اور مشکوک افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دریائے چناب کے کچے کے علاقے (بیلہ جات) میں ایک بڑا اور گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن سرانجام دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منڈی بہاءالدین کامران عامر خان کی خصوصی اور سخت ہدایات پر شروع کیے گئے اس کریک ڈاؤن میں ضلع پولیس اور ایلیٹ فورس کے چاک و چوبند دستوں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران کچے کے انتہائی دشوار گزار راستوں، دور دراز بیلہ جات، عارضی ڈیرہ جات، پناہ گاہوں اور مشکوک ٹھکانوں کی جدید آلات کی مدد سے جامع تلاشی لی گئی، جبکہ علاقے میں موجود متعدد افراد کی بائیو میٹرک تصدیق، شناختی دستاویزات اور ان کی نقل و حرکت کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس کی جانب سے قانون شکن عناصر کو دوٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ ضلع منڈی بہاءالدین کی حدود میں کسی بھی مجرم کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں اور ہر صورت قانون کی عملداری برقرار رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی پی او کامران عامر خان نے عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے کچے کے علاقوں میں ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے، کیونکہ پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے ‘زیرو ٹالرنس پالیسی’ پر عمل پیرا ہے۔