گلیانہ (ڈاکٹر انصر فاروق مغل) ترجمان گجرات پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، کھاریاں سرکل پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے 3 عدد پسٹل 30 بور اور 10 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کی تفتیشی کارروائیوں کے مطابق، ایس ایچ او تھانہ ککرالی رائے فیاض احمد نے اپنی پولیس ٹیم میں شامل اے ایس آئی افتخار احمد اور اے ایس آئی محمد رحمان کے ہمراہ ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی، جس کے نتیجے میں ملزم عبداللہ احسان ولد احسان الٰہی (ساکن پلاں گراں) کے قبضے سے ایک عدد پسٹل 30 بور برآمد کیا گیا، جبکہ اسی کارروائی کے دوران دوسرے ملزم ابرار حسین ولد ولایت خاں (ساکن سدھ) کے قبضے سے 10 لیٹر شراب برآمد کر کے اسے حراست میں لے لیا گیا۔
اسی مہم کے دوسرے مرحلے میں، ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ نے بھی اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جس کے دوران دو مزید ملزمان قانون کی گرفت میں آئے۔ پولیس نے ملزم اظہر اقبال ولد غلام حیدر (ساکن دھکڑانوالی) کے قبضے سے ایک عدد پسٹل 30 بور اور ملزم قیصر اقبال ولد مظہر اقبال (ساکن دھکڑانوالی) کے قبضے سے بھی ایک عدد پسٹل 30 بور برآمد کر کے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ گجرات پولیس نے قانون شکنی کرنے والے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ علاقے کو امن و امان کا گہوارہ بنایا جا سکے۔
