ختم نبوت سنٹر پنجن کسانہ کھاریاں میں سالانہ تربیتی کنونشن کی تیاریاں مکمل، 15 جون کو علماء و مشائخ کا بڑا اجتماع ہوگا

ڈنگہ( محمد زمان اسلم) ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں کے علاقے پنجن کسانہ میں قائم ختم نبوت سنٹر میں سالانہ ختم نبوت تربیتی کنونشن کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت کے فروغ اور تحفظ کے مقصد کے تحت منعقد ہونے والے اس 19ویں سالانہ ‘یومِ تجدیدِ عہدِ وفا بسلسلہ تربیتی ختم نبوت کنونشن’ میں 15 جون 2026 بروز سوموار کو ملک بھر سے جید علماء کرام اور مشائخ عظام اکٹھے ہوں گے۔ اس باوقار تقریب کی صدارت اور خصوصی خطاب آستانہ عالیہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین، وارثِ علوم و معارف حضرت حافظ الحدیث، شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی الحاج پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی فرمائیں گے، جبکہ پروگرام کی قیادت تحریک تحفظ اسلام انٹرنیشنل کے مرکزی امیر، مجاہدِ ختم نبوت غازی اسلام غازی محمد ثاقب شکیل جلالی (ایڈوکیٹ) کریں گے۔ کنونشن میں ملک کے گوشہ و کنار سے علماء، مشائخ، وکلاء اور تاجر برادری کی بڑی تعداد شریک ہوگی، جہاں مقررین عقیدہ ختم نبوت کے مختلف علمی و فکری موضوعات پر تفصیلی خطابات کریں گے۔

تحریک تحفظ اسلام انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ہونے والا یہ سالانہ تاجدارِ ختم نبوت تربیتی کنونشن اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام ہے جس میں عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام مکاتبِ فکر کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ اس تربیتی کنونشن کی ایک منفرد اور نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں قادیانی (مرزائی) جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو خصوصی طور پر بلایا جاتا ہے تاکہ وہ قرآن و سنت کے ٹھوس دلائل اور پرامن علمی گفتگو کی روشنی میں حقیقی حقائق سے آگاہ ہو سکیں۔ ہر سال کثیر تعداد میں لوگ اس کنونشن میں شریک ہو کر علمی نشستوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہیں، جس سے دینی شعور اور تحفظِ ختم نبوت کا پیغام عام ہوتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام الناس سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، دینی شعور کے فروغ اور اپنے ایمان کی مضبوطی کے لیے اس عظیم الشان کنونشن میں اپنی شرکت کو لازمی یقینی بنائیں۔ کنونشن میں شرکت کے لیے ڈنگہ سے ایک خصوصی قافلہ راجہ ندیم احمد کی صدارت میں شام 5 بجے مسجد بلال، محلہ آرام باغ سے روانہ ہوگا، اور زائرین کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ کا یہ انتظام بالکل فری ہوگا۔

Exit mobile version