حقیقی لیڈر اقتدار نہیں اقدار کو ترجیح دیتا ہے، ڈاکٹرحسن قادری

لاہور(6جون2026) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں’’ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ‘‘ کے عنوان سے  منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ  حقیقی لیڈر اقتدار نہیں اقدار کو ترجیح دیتا ہے،سچا لیڈر اپنے فالورز میں قائدانہ اوصاف پیدا کرتا ہے، جو سنتا نہیں وہ سمجھتا بھی نہیں،عہدے اختیارات اور وسائل امانت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیادت کردار سے محروم ہو جائے تو قومیں بکھر جاتی ہیں، قیادت قوموں کو بحرانوں سے نکالتی ہے اگر قیادت کے ہوتے ہوئے بحران کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہوں تو جان لیں قیادت کے نام پر دھوکہ دہی ہو رہی ہے۔سچا لیڈر دوسروں میں لیڈرشپ کوالٹیز کو ابھار کر انھیں بھی لیڈر بناتا ہے، وہ لیڈر نہیں ہوتا جو اپنی ہر خوبی کو کاپی رائٹ سمجھ کر اپنی ذات میں قید کر لیتا ہے،حکم چلا کر گھائل کرنے کا نام لیڈرشپ نہیں بلکہ اپنے اخلاق اور دلائل کے ذریعے دوسروں کو قائل اور مائل کرنے کا نام لیڈرشپ ہے لیڈر سخی اور فراخ دل ہوتا ہے، جو کنجوس اور تنگ نظر ہو وہ لیڈر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد اپنے حلقہ اثر میں لیڈر ہوتا ہے اگر کوئی باپ ہے تو وہ اپنے گھر کا لیڈر ہے اگر کوئی باس ہے تو وہ اپنے دفتر کا لیڈر  ہے، 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا کپتان اپنی ٹیم کا لیڈر ہوتا ہے، لیڈرشپ مختلف درجوں میں تقسیم ہوتی ہے ہر درجہ کی لیڈرشپ کا ایک مقام اور کردار ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر عوامی قیادت کے حامل افراد یہ سمجھ لیں کہ ان کو ملنے والے اختیارات اور وسائل قوم کی امانت ہیں تو وہ کبھی بھی قوم کے خون پسینے کی کمائی کی ایک پائی  بھی ضائع نہ ہونے دیں۔لیڈر اپنے علم، حلم قابلیت، دیانت داری، امانت داری اور صبروغنا سے پہچانا جاتا ہے، لیڈر بولتا ہے تو دوسروں کو سنتا بھی ہے، لیڈر جلدباز یا شعبدہ باز نہیں ہوتا، اس کا قول سدید اور اس کی سوچ جدید ہوتی ہے، لیڈر اپنی خداداد بصیرت کے ذریعے دیوار کی دوسری طرف دیکھنے کی اہلیت رکھتا ہے لیڈرشپ لمحہ موجود میں نہیں جیتا وہ آئندہ نسلوں کے خوشحال مستقبل کا بھی ضامن ہوتا ہے۔نبوی طریق کے تحت ملنے والی ہر ذمہ داری اور اختیار وسائل حق نہیں بلکہ ایک امانت ہوتے ہیں۔ پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سرونٹ لیڈر بنیں کیونکہ سرونٹ لیڈر کے سامنے اقتدار نہیں اقدار ہوتی ہیں، سرونٹ لیڈر اقتدار کو خدمت کا ذریعہ سمجھتا ہے، اچھا لیڈر سننے کا حوصلہ رکھتا ہے، اچھا لیڈر بے رحم نہیں رحمدل ہوتا ہے۔سیمینار سے پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے بھی خطاب کیا ۔ سیمینار میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، الحاج عبدالغفور قادری، پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم رانا، پروفیسر ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی الازہری، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، کرنل (ر) خالد جاوید، نوراللہ صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، مقصود احمد نوشاہی، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، ڈاکٹر محمد اظہر عباسی، علامہ صابر حسین نقشبندی، علامہ محب اللہ اظہر، شاہد لطیف، عین الحق بغدادی، مظہر محمود علوی، شکیل احمد طاہر، علامہ غلام مرتضٰی علوی، باجی عائشہ مبشر، مرکزی قائدینِ تحریکِ منہاج القرآن و مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، اسکالرز اور پی ایچ ڈی طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Exit mobile version