پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تاریخی اقدام: پرو لیگ سے قبل کھلاڑیوں کو ساڑھے 4 کروڑ روپے کے واجبات ادا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ایک تاریخی اور کھلاڑی دوست اقدام اٹھاتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پرو لیگ کے لیے روانگی سے قبل ہی تمام واجبات کی مد میں 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی رقم ایڈوانس میں ادا کر دی ہے۔ یہ ملکی کھیل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے پہلے ہی کھلاڑیوں کے تمام مالی واجبات کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہو۔ پی ایچ ایف کی جانب سے ادا کی جانے والی اس خطیر رقم میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے پر دی جانے والی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ پرو لیگ کا ایڈوانس ڈیلی الاؤنس بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑی مالی فکرات سے آزاد ہو کر میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ محی الدین وانی نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس ادائیگی کے تحت ہر کھلاڑی کو پرو لیگ کی مد میں تقریباً 7 لاکھ روپے اور ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے انعام کے طور پر 15 لاکھ روپے دیے گئے ہیں، جب کہ روزمرہ اخراجات کے لیے کھلاڑیوں کو 110 ڈالرز فی کس کے حساب سے ڈیلی الاؤنس بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق قومی ہاکی ٹیم 13 سے 20 جون تک بیلجیئم میں میزبان ٹیم اور اسپین کے خلاف پرو لیگ کے 4 میچز کھیلے گی، جس کے بعد ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں 23 سے 27 جون تک بھارت اور انگلینڈ کے خلاف مزید 4 میچز کھیلے جائیں گے۔ پرو لیگ کے ان اہم معرکوں میں شرکت کے فوراً بعد قومی ٹیم اپنی مہم کا رخ نیدرلینڈز اور بیلجیئم کی طرف کرے گی جہاں وہ 14 سے 30 اگست تک شیڈول ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایکشن میں نظر آئے گی۔

Exit mobile version