961 دن کا طویل انتظار ختم: پاکستان فٹبال ٹیم نے مالدیپ کو 0-3 سے ہرا کر تاریخی فتح حاصل کر لی

پاکستان فٹبال فینز کا ایک طویل انتظار بالآخر ختم ہو گیا ہے اور قومی ٹیم نے 961 دن بعد فٹبال کے میدان میں شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مالدیپ میں کھیلے جا رہے ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے میزبان ملک مالدیپ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے عبرت ناک شکست دی۔ مالے میں جاری اس ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بنگلادیش کے خلاف مقابلہ برابر کرنے کے بعد پاکستان ٹیم پر مالدیپ کے خلاف یہ میچ ہر حال میں جیتنے کا شدید دباؤ تھا، جس کا اثر کھیل کے آغاز میں بھی نظر آیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہیں اور جب ریفری نے ہاف ٹائم کی سیٹی بجائی تو مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔

تاہم دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے غیر معمولی پھرتی اور شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم پر پے در پے حملے کیے۔ میچ کے 54ویں منٹ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی عمر نواز نے خوبصورت گول کر کے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ اپنا دوسرا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے عمر نواز پہلی مرتبہ پاکستان کی اسٹارٹنگ الیون کا حصہ بنے تھے۔ یاد رہے کہ عمر نواز کا تعلق ایک غازی خاندان سے ہے، ان کے بھائی حارث نواز 2014 کے المناک سانحہ اے پی ایس پشاور میں شہید ہوئے تھے جبکہ دوسرے بھائی احمد نواز اس واقعے میں شدید زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد 2015 میں عمر نواز اپنی فیملی کے ساتھ برطانیہ منتقل ہو گئے تھے اور وہیں سے انہوں نے اپنے فٹبال کے سفر کا باقاعدہ آغاز کیا۔

عمر نواز کے گول کے بعد پاکستانی ٹیم کا حوصلہ مزید بلند ہوا اور انہوں نے مالدیپ کی ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ میچ کے 84ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ 0-2 کر دیا، اور ابھی میزبان ٹیم اس صدمے سے باہر بھی نہ نکل پائی تھی کہ محض تین منٹ بعد یعنی 87ویں منٹ میں ہارون حامد نے ایک اور شاندار گول داغ کر پاکستان کی فتح پر مہر لگا دی اور میچ اسی اسکور پر ختم ہوا۔ مالدیپ کے خلاف پاکستان کی یہ 1991 کے بعد پہلی انٹرنیشنل کامیابی ہے، جبکہ مجموعی طور پر پاکستان نے فتح سے محرومی کا سلسلہ 961 دن بعد توڑا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی آخری فتح 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف حاصل کی تھی۔ اب قومی ٹیم ٹورنامنٹ کا آخری پول میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی اور ٹاپ ٹو میں پوزیشن برقرار رکھنے کی صورت میں 10 جون کو فائنل مہم جوئی کرے گی۔

Exit mobile version