مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہو گئی جب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی جزیرے قشم میں قائم فوجی تنصیبات پر حملوں کی تصدیق کی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے خطے میں کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کو کامیابی سے ناکام بنایا اور متعدد اہداف کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جن میں بحرین کی جانب داغے گئے تین میزائل بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب، امریکی سینٹرل کمانڈ نے یہ بھی بتایا کہ ایران نے ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم ان کے اہداف ناکام رہے۔ امریکی بیان کے مطابق کویت کی طرف داغے گئے دو میزائل راستے میں ہی گر گئے، جبکہ بحری جہازوں پر کیے گئے تین ڈرون حملوں کو بھی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ اس صورتحال کے بعد ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس سے خطے میں مزید بدامنی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
