فیفا اور اے ایف سی کا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں فوری ترمیم کا مطالبہ

فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے آئین میں فوری اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے امور میں کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عالمی فٹبال گورننگ باڈیز نے واضح کیا ہے کہ پی ایف ایف کے آئین کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

فیفا ممبرز ایسوسی ایشن کے سربراہ رولف ٹینر نے اپنے بیان میں کہا کہ 2014 کے آئین میں ترمیم طویل مدتی استحکام اور شفافیت کے لیے لازمی شرط ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اختیارات کی واضح تقسیم بدعنوانی کے خطرات کو کم کرتی ہے اور مضبوط گورننس کے بغیر کھیل میں بہتری لانا ممکن نہیں۔ اے ایف سی کے سینئر منیجر برائے جنوبی ایشیا سونم جگمی نے بھی خبردار کیا کہ فیفا اور اے ایف سی کے تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں فیڈریشن اپنے حقوق سے محروم ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے صدر پی ایف ایف محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم ایک دہائی سے التوا کا شکار ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ دیگر ممالک کی فٹبال فیڈریشنز کی طرح پاکستان بھی اصلاحات کا عمل جلد مکمل کرے۔

Exit mobile version