مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پہلی حج پرواز پی کے 742 کے ذریعے 114 حجاج کرام جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی، ائیرپورٹ سکیورٹی فورس اور پی آئی اے کے اعلیٰ عہدیداران نے حجاج کا استقبال کیا۔ شیڈول کے مطابق، دوسری حج پرواز پی کے 732 جدہ سے لاہور پہنچے گی، جبکہ کراچی کے لیے پہلی حج پرواز پی کے 860 آج شام 7 بجکر 25 منٹ پر پہنچے گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق بعد از حج آپریشن 30 مئی سے 30 جون تک جاری رہے گا، جس کے دوران اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے مجموعی طور پر 213 پروازیں چلائی جائیں گی، جن کے ذریعے 53 ہزار سے زائد حجاج اپنے وطن پہنچیں گے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے حجاج کی سہولت کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور آپریشن کی نگرانی خود سی ای او پی آئی اے کر رہے ہیں۔





