کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں، احمد شہیر گوندل نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے قائم آگاہی کیمپ اور تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پنجاب حکومت کے ”ستھرا پنجاب“ ویژن کے تحت جاری صفائی آپریشن اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کو عوامی خدمت کے لیے ایک مؤثر اور مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے تینوں ایام میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ رہے۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کھاریاں، ستھرا پنجاب کھاریاں کی ٹیم، فیلڈ اسٹاف اور سینیٹری ورکرز کی شب و روز کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید جیسے پرمسرت موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ان کی مسلسل خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
تقریب کے دوران شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور بیدار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھاریاں کو ایک صاف، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مشترکہ طور پر احسن طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔





