جون 1, 2026

وال اسٹریٹ جرنل کا انکشاف: ایران کے خلاف جنگ میں متحدہ عرب امارات کے درجنوں فضائی حملے

امریکی اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے اپنی ایک رپورٹ میں سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات نے بھی فعال کردار ادا کرتے ہوئے ایران پر درجنوں فضائی حملے کیے۔ رپورٹ میں معاملے سے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ حملے جنگ کے ابتدائی دنوں سے شروع ہوئے اور جنگ بندی کے اعلان کے اگلے روز تک جاری رہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ کارروائیاں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ مکمل انٹیلی جنس ہم آہنگی کے تحت کی گئیں۔ ان فضائی حملوں میں ایران کی اہم تزویراتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں آبنائے ہرمز میں واقع قشم اور ابو موسیٰ کے جزائر، بندر عباس، خلیج فارس میں لاوان جزیرے کی آئل ریفائنری، اور عسلویہ کا پیٹروکیمیکل کمپلیکس شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، یہ حملے ایران کی جانب سے اماراتی آئل اور گیس انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے جواب میں کیے گئے تھے۔ خاص طور پر عسلویہ پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر اسرائیل کے ساتھ مل کر کیا جانے والا حملہ عالمی سطح پر شدید تشویش اور ردعمل کا باعث بنا، جس کے بعد امریکا کو اسرائیل سے توانائی کی تنصیبات پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کرنا پڑا۔