جون 1, 2026

عید الاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کے اعداد و شمار جاری: 74 لاکھ سے زائد جانوروں کی قربانی

ٹینریز ایسوسی ایشن نے رواں سال عید الاضحیٰ پر قربانی کیے گئے جانوروں کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت قربانی کے جانوروں کی تعداد میں 7.06 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اس سال مجموعی طور پر 74 لاکھ 70 ہزار جانور قربان کیے گئے، جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 69 لاکھ 77 ہزار 565 تھی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال قربان کیے گئے جانوروں میں 27 لاکھ 50 ہزار گائیں اور بیل، 42 لاکھ بکرے، 5 لاکھ بھیڑیں اور 25 ہزار اونٹ شامل ہیں۔ کھالوں کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گائے اور بیل کی کھال 2200 روپے، بکرے کی 600 روپے، بھیڑ کی 100 روپے اور اونٹ کی کھال کی قیمت 2 ہزار روپے مقرر رہی۔ ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال قربانی کی کھالوں کی مجموعی مالیت 8 ارب 67 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔