جون 1, 2026

شکر گڑھ : عید الاضحیٰ کے تیسرے روز رسہ کشی کا انوکھا مقابلہ، شادی شدہ افراد نے کنواروں کو شکست دے دی

عید الاضحیٰ کے تیسرے روز ملک کے مختلف شہروں میں روایتی اور تفریحی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس نے شہریوں کو خوب محظوظ کیا۔ شکر گڑھ میں ایک دلچسپ اور انوکھے مقابلے میں شادی شدہ افراد اور کنواروں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ ہوا، جہاں شادی شدہ افراد نے اپنی ہمت اور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنواروں کو شکست دے کر میدان مار لیا۔ اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں مقامی افراد موجود تھے۔

دوسری جانب راجن پور کی تحصیل جام پور میں عید کے موقع پر روایتی دیسی کشتیوں اور کبڈی کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ عید دنگل میلے میں راجن پور، صادق آباد اور ملتان کی ٹیموں کے پہلوانوں نے شرکت کی اور اپنی طاقت، مہارت اور شاندار داؤ پیچ سے ہزاروں شائقین کو داد دینے پر مجبور کر دیا۔ ڈھول کی تھاپ پر ہونے والے ان مقابلوں میں سنسنی خیزی عروج پر رہی، جس کے بعد راجن پور کی کبڈی ٹیم نے ملتان کی ٹیم کو 7 پوائنٹس کے فرق سے ہرا کر کامیابی اپنے نام کر لی۔ روایتی کھیلوں کے یہ انعقادات مقامی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔