واشنگٹن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا شراکت داری میں ہونے والی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور مصالحتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا اعتراف کیا۔ مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک بامعنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کی سلامتی اور خوشحالی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔





