راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے اور ٹیم بہترین کارکردگی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھلاڑی ہر فارمیٹ میں ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنی پوری طاقت لگا رہے ہیں اور اپنے کھیل کو مزید نکھارنے کے لیے کوشاں ہیں۔
فاسٹ بولرز کی رفتار کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات پر شاہین آفریدی نے کہا کہ انسانی جسم کو بھی آرام کی ضرورت ہوتی ہے اور ہر بولر اپنی رفتار کو بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے، انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ صحافیوں کے لیے 200 کی رفتار سے بولنگ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ رابطوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی کی اہمیت مسلمہ ہے۔
سابق کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے شاہین نے انہیں ون ڈے ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ پی ایس ایل جیسی فارم آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھیں گے۔ محمد رضوان کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ سیریز میں آرام کا مطلب کیریئر کا خاتمہ ہرگز نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کل بروز ہفتہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
