جون 1, 2026

یورپی یونین کا چینی ای کامرس کمپنی ’ٹیمو‘ پر 20 کروڑ یورو کا بھاری جرمانہ

برسلز: یورپی یونین نے چینی ای کامرس پلیٹ فارم ‘ٹیمو’ (Temu) کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی مصنوعات کی فروخت پر 20 کروڑ یورو (تقریباً 232 ملین ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یورپی کمیشن کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارم پر موجود غیر قانونی اشیاء سے صارفین کو لاحق خطرات کی بروقت شناخت اور تجزیہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔

یورپی کمیشن کے مطابق، ٹیمو پر فروخت ہونے والی متعدد مصنوعات یورپی یونین کے حفاظتی معیارات پر پورا نہیں اترتی تھیں۔ ان خطرناک اشیاء میں ناقص اور غیر محفوظ چارجرز کے ساتھ ساتھ بچوں کے ایسے کھلونے بھی شامل ہیں جن میں کیمیکلز کی مقدار قانونی حد سے کہیں زیادہ پائی گئی، جس سے بچوں کے لیے دم گھٹنے جیسے جان لیوا خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

یورپی کمیشن کی نائب صدر ہینا ورکونن نے کمپنی کی حکمت عملی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیمو کی جانب سے کی جانے والی ‘رسک اسیسمنٹ’ یا خطرات کا تخمینہ انتہائی ناقص تھا، جس میں حقائق کو چھپایا گیا اور یہ مضبوط شواہد پر مبنی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لاپرواہی نے صارفین اور ریگولیٹرز کو ان ممکنہ نقصانات کے حجم سے لاعلم رکھا جو یہ غیر قانونی مصنوعات پہنچا سکتی تھیں۔

یورپی یونین نے ٹیمو کو واضح تنبیہ جاری کی ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے آپریشنز میں یورپی قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائے اور صارفین کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرے۔ یہ جرمانہ ای کامرس پلیٹ فارمز کے لیے ایک سخت پیغام ہے کہ یورپ میں کاروبار کرنے کے لیے حفاظتی معیارات کی پابندی لازمی ہے۔