منڈی بہاؤالدین( ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب، صحت مند پنجاب” کے تحت ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ عید الاضحیٰ کے دوسرے روز ڈپٹی کمشنر منڈی بہاءالدین عدیل حیدر نے شہر کے مختلف علاقوں، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور قربان گاہوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے آلائشوں کی بروقت تلفی اور ویسٹ کلیکشن کے عمل کی نگرانی کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور جراثیم کش اسپرے کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو عید کے ایام میں بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم، صفائی ورکرز اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود پوری ٹیم جس جذبہ خدمت سے کام کر رہی ہے وہ قابلِ تحسین ہے، جس کے باعث شہر کی صفائی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عید کے باقی ایام میں بھی صفائی آپریشن اسی رفتار اور جذبے سے جاری رکھا جائے۔ آلائشوں کو فوری اٹھا کر سائنٹیفک بنیادوں پر تلف کیا جائے اور عوامی مقامات کی دھلائی اور جراثیم کش اسپرے کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ منڈی بہاءالدین کو ایک صاف، خوبصورت اور زیرو ویسٹ ضلع بنایا جا سکے۔
