کھاریاں (طاہر اقبال) گجرات پولیس کے کھاریاں سرکل نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کو تیز کرتے ہوئے منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔
اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ گلیانہ، انسپکٹر سید عباس علی شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خصوصی چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ پولیس ٹیم میں اے ایس آئی ندیم علی، اے ایس آئی انصر اقبال اور اے ایس آئی رضوان حسن شامل تھے۔ کارروائی کے دوران مختلف علاقوں سے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی حسن ولد محمد جہانگیر (ساکن کھرانہ پیر غازی)، خنظلہ فیاض ولد محمد فیاض (ساکن بہورچھ بسوہا) اور حسنین آصف ولد محمد آصف (ساکن لنگڑیال) شامل ہیں، جن کے قبضے سے 3 عدد پسٹل 30 بور برآمد کیے گئے۔ اسی طرح منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حیدر علی ولد اشتیاق احمد (ساکن کھاریاں) سے 10 لیٹر اور محمد حسن ولد شکیل امتیاز (ساکن نصیرہ) سے 5 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاشرے سے منشیات اور اسلحہ کلچر کے خاتمے تک یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔