کھاریاں (رپورٹ قاری نصیر احمد کلیار) عید کے پرمسرت موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے ڈسٹرکٹ جیل کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر اے سی گجرات عبدالقدیر زرکون اور سپرنٹنڈنٹ جیل ارشد علی وڑائچ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کا مقصد قیدیوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنا اور جیل میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین نے جیل کے دورے کے دوران خواتین، نو عمر اور نادار اسیران میں خصوصی طور پر پھل اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے خواتین قیدیوں سے ملاقات کے دوران ان کے جیل میں جاری تدریسی اور تربیتی عمل کے بارے میں استفسار کیا تاکہ اسیران کی اصلاح اور بحالی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے جیل انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جیل حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسیران کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ان کے لیے جاری فلاحی اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔