ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا تھانہ ڈومیلی کا اچانک دورہ، انتظامات کا جائزہ اور افسران کو سخت ہدایات

جہلم (محمد زاہد خورشید ) ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے تھانہ ڈومیلی کا اچانک دورہ کیا اور تھانے میں سیکیورٹی انتظامات، ریکارڈ اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تھانہ کی عمارت، ایس آئی پیز (SIPs) پروٹوکول، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ اور میس ہال کا معائنہ کیا۔

ڈی پی او جہلم نے تھانہ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری تنصیبات اس ملک و قوم کی امانت ہیں اور پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تھانہ جات میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شفیق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ایف آئی آر کا اندراج دی گئی ٹائم لائن کے اندر ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ماتحت افسران کو تاکید کی کہ تھانے آنے والے شہریوں کے ساتھ حسنِ اخلاق سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائیں۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ پولیس تھانہ جات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پولیس کی مجموعی کارکردگی کو جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے اچانک دوروں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Exit mobile version