بنگلادیش: ‘ڈونلڈ ٹرمپ’ نامی نایاب بھینسے کی قربانی رکوا دی گئی، چڑیا گھر منتقل کرنے کا حکم

ڈھاکا: بنگلادیشی حکومت نے ایک انوکھے اور نایاب سفید بھینسے کو قربانی سے بچا کر اسے قومی چڑیا گھر منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے سنہرے بالوں کی وجہ سے ‘ڈونلڈ ٹرمپ’ کے نام سے مشہور ہونے والے اس بھینسے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں توجہ حاصل کر لی تھی۔ حکام کے مطابق، بھینسے کو دیکھنے کے لیے عوام کے غیر معمولی رش اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آخری لمحات میں اس کی قربانی کو روکنا پڑا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم بنگلادیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے ذاتی مداخلت کرتے ہوئے خریدار کو رقم واپس کرنے اور جانور کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد یہ جانور ایک قومی تجسس بن گیا تھا، جسے دیکھتے ہوئے حکومت نے عوامی جذبات اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھا۔ اب یہ نایاب بھینسا ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر کی زینت بنے گا جہاں اسے مناسب دیکھ بھال فراہم کی جائے گی۔

Exit mobile version