یومِ تکبیر، 28 ویں سالگرہ ، مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد

راولپنڈی: یومِ تکبیر کی 28 ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع c چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف اور نیول چیف نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 28 مئی کا دن اس تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن کو بحال کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ عظیم سنگِ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری کا مظہر ہے اور علاقائی سالمیت و قومی وقار کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس کامیابی کو مدبر قیادت، ذہین سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری قوم کی قربانیوں کا ثمر قرار دیا ہے۔ عسکری قیادت کا ماننا ہے کہ پاکستان کی دفاعی و اسٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور مؤثر دفاع کی ضامن ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آج کے دن پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کر رہی ہے۔ بیان کے آخر میں پاک افواج زندہ باد اور پاکستان ہمیشہ پائندہ باد کے نعروں کے ساتھ وطنِ عزیز کے دفاع کے عزم کو دہرایا گیا۔

Exit mobile version