وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کا ٹیلیفونک رابطہ: یقین ہے کہ امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا جو ایران کے وقار اور عزت نفس کے عین مطابق ہوگا: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے قیام، باہمی تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق تقریباً 30 منٹ تک جاری رہنے والی یہ گفتگو انتہائی گرمجوش اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔

ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو اور پوری مسلم امہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا جو ایران کے وقار اور عزت نفس کے عین مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے ایران کی معاشی صلاحیت سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔ وزیراعظم نے بحران کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی قیادت اور عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ آخر میں، دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

Exit mobile version