عید الاضحیٰ: گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی ہوسکتی ہے، ماہرین صحت

عید الاضحیٰ خوشیوں اور لذت بھرے کھانوں کا تہوار ہے، تاہم ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران پر تکلف دعوتوں کے باوجود اعتدال کا دامن ہرگز ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ گوشت اور چٹ پٹے پکوانوں کا استعمال محدود رکھیں کیونکہ گرم موسم کے دوران ضرورت سے زیادہ گوشت کا استعمال بدہضمی اور پیٹ کی دیگر تکالیف کا باعث بن سکتا ہے۔

صحت کے ماہرین کے مطابق، عید الاضحیٰ کے فوراً بعد ہسپتالوں میں گیسٹرو کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ گوشت کا غلط طریقے سے پکنا یا ضرورت سے زیادہ استعمال ہے، جس سے آنتوں کے مسائل جنم لیتے ہیں۔ اس لیے گوشت کو اچھی طرح پکانے اور اسے تازہ استعمال کرنے کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔

خاص طور پر امراضِ قلب، ذیابطیس اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا افراد کو اپنی خوراک کے معاملے میں انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ ہاضمے کے نظام کو درست رکھنے کے لیے اپنی غذا میں پھلوں کا استعمال بڑھائیں، جبکہ ادرک اور گُڑ کا استعمال ہاضمے کے عمل کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیں کہ صحت مند زندگی ہی خوشیوں کی اصل معراج ہے۔

Exit mobile version