جون 1, 2026

ستھرا پنجاب: وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی مہم کے تحت صفائی آپریشن عروج پر

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ نگرانی صوبے بھر میں "اسپیشل آپریشن کلین اپ” کے تحت گلی محلوں اور بازاروں میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد صوبے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک اور سرسبز و شاداب بنانا ہے۔ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں گلی گلی، محلے محلے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مہم کے دوران مساجد، عید گاہوں، قبرستانوں اور اہم شاہراہوں کی خصوصی صفائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے گلیوں اور بازاروں میں جانوروں کی آلائشیں اور باقیات پھینکنے کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور آلائشیں پھینکنے کے مرتکب افراد پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ صفائی کے عمل کے بعد گلیوں اور بازاروں میں عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ خوشگوار فضا قائم رہے۔

اس عظیم الشان آپریشن کی وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صوبے کی 4 ہزار یونین کونسلوں میں ستھرا پنجاب کے خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ورکرز اس مشن میں دن رات مصروف عمل ہیں، جو ہر چھوٹے بڑے شہر اور دیہی علاقے کی صفائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔