آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں کپتان مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی پی ایل کے دوران لکھنؤ سپر جائنٹس کا آخری میچ مس کرنے والے مچل مارش فی الحال علاج اور طبی معائنے کے لیے پرتھ میں قیام کریں گے۔
مچل مارش کی عدم دستیابی کے بعد وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے وائٹ بال ٹور کے لیے مچل مارش کی ٹیم میں واپسی کا فیصلہ ان کی صحت یابی کی پیش رفت کو دیکھ کر بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کے بقیہ دو میچز 2 جون اور 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔





