وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ترکیے کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پرمسرت تہوار کی مبارکباد دی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیے کے مابین تاریخی، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے مطابق، دونوں قائدین نے باہمی اعلیٰ سطح کے دوروں میں طے پانے والے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ خطے میں امن و امان کی صورتحال اور جاری امن کوششوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ترکیے کی مسلسل حمایت پر صدر اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں دیرپا امن کے فروغ کے لیے آپس میں قریبی رابطہ رکھنے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔





