کامیابی کا واحد راستہ صرف اللہ کی بندگی اور اس کے احکامات کی پیروی میں مضمر ہے: شیخ عبدالرحمان الحذیفی

میدانِ عرفات میں لاکھوں حجاج کرام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام مسجد نبوی ﷺ شیخ عبدالرحمان الحذیفی نے توحیدِ باری تعالیٰ، تقویٰ اور صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا واحد راستہ صرف اللہ کی بندگی اور اس کے احکامات کی پیروی میں مضمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حجاج کرام رب کائنات کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں، کیونکہ توحید پر عمل پیرا ہونا ہی ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔

خطبہ حج کے دوران شیخ عبدالرحمان الحذیفی نے مسلمانوں کو درپیش مشکلات میں صبر کا دامن تھامے رکھنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لیے اجرِ عظیم کا وعدہ فرمایا ہے، لہٰذا ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور اس کی نعمتوں کی قدر کرنی چاہیے، کیونکہ ناشکری کرنے والی قوموں سے نعمتیں چھین لی جاتی ہیں۔

شیخ الحذیفی نے حجاج کرام کو سچائی اختیار کرنے، غلط بیانی سے اجتناب کرنے اور نماز قائم کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ حج کے دوران کسی بھی قسم کے لڑائی جھگڑے سے گریز کیا جائے اور ایسا کوئی بھی عمل نہ کیا جائے جس سے امتِ مسلمہ کے اتحاد کو نقصان پہنچے۔

خطبہ کے اختتام پر امام مسجد نبوی ﷺ نے امتِ مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور اللہ سے گناہوں کی مغفرت اور ہدایت کی التجا کی۔ میدانِ عرفات میں موجود لاکھوں فرزندانِ توحید نے پرنم آنکھوں کے ساتھ آمین کہی، جس کے بعد مسجد نمرہ میں نمازِ ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئیں۔

Exit mobile version