آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک بڑی تبدیلی کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، جس کے تحت تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان محمد رضوان کو سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور سفید گیند کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے اہم مشاورت جاری ہے، جس میں محمد رضوان کو ون ڈے فارمیٹ سے آرام دینے یا ڈراپ کرنے پر اتفاق پایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے بعد اب ون ڈے کرکٹ میں بھی محمد رضوان کی شمولیت کے حق میں دکھائی نہیں دے رہے اور وہ مستقبل کی پلاننگ کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے خواہشمند ہیں۔ 33 سالہ محمد رضوان نے اب تک 103 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 40.08 کی اوسط سے 2979 رنز بنا رکھے ہیں، جس میں 4 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 113 کیچز اور 7 سٹمپڈ بھی کیے ہیں۔ تاہم، مارچ 2026 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی حالیہ ون ڈے سیریز کے 3 میچز میں وہ صرف 58 رنز ہی بنا سکے تھے، جو ان کے ڈراپ ہونے کی ایک بڑی وجہ بن رہا ہے۔
اندرونی اطلاعات کے مطابق، بنگلہ دیش کے خلاف 15 مارچ 2026 کو بطور بیٹر ون ڈے ڈیبیو کرنے والے نوجوان کھلاڑی غازی غوری (جو ٹیسٹ سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ رہے) کو اس سیریز میں شامل کیا جائے گا۔ ان کے علاوہ دوسرے وکٹ کیپر کے آپشن کے طور پر عثمان خان یا مرزا سعد بیگ میں سے کسی ایک کا انتخاب ممکن نظر آ رہا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم اس اہم سیریز کے لیے 23 مئی کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں اپنے ٹریننگ کیمپ کا آغاز کرے گی، جس میں ایک پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی یہ سیریز 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلی جائے گی۔



