ستمبر 12, 2026

بنگلہ دیش سے تاریخی شکست کا خمیازہ: شان مسعود کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ، ویسٹ انڈیز سیریز میں نیا کپتان ہوگا

بنگلہ دیش کے خلاف ہوم گراؤنڈ کے بعد اب اوے سیریز میں بھی بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو عہدے سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، بنگلہ دیش کے ہاتھوں مسلسل دو ٹیسٹ میچوں میں ناکامی کے بعد کپتان کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے نئے ٹیسٹ کپتان کے نام پر مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی اگلی ٹیسٹ اسائنمنٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے، جہاں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 25 جولائی سے کھیلا جائے گا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل ہی نئے کپتان کے نام کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو دھول چٹا کر 2 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے تاریخی کلین سویپ مکمل کیا۔

سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی ٹیم کو جیت کے لیے 437 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ملا تھا، لیکن قومی بیٹرز دباؤ کا سامنا نہ کر سکے اور پوری ٹیم چوتھی اننگز میں 358 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں میزبان بنگلہ دیش نے دوسرا ٹیسٹ میچ 78 رنز کے واضح فرق سے جیت کر سیریز اپنے نام کی، جس کے بعد کپتان شان مسعود کی حکمتِ عملی اور ٹیم سلیکشن پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔