کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر گجرات کا اہم اجلاس: ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر لاکھوں روپے جرمانہ، متعدد صنعتی یونٹس اور سروس اسٹیشن سیل

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی اور ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیرِ صدارت محکمہ ماحولیات کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی یونٹس اور اینٹوں کے بھٹوں کے معائنوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ یکم جنوری 2026ء سے اب تک کی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 805 معائنہ جات کیے گئے، جن میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 53 نوٹسز جاری، 10 یونٹس سیل اور مجموعی طور پر 13 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بھٹوں کے 605 معائنوں کے دوران 15 نوٹسز جاری اور 3 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ صنعتی یونٹس کے 200 معائنوں میں 38 نوٹسز، 10 یونٹس کو سیل اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ضلعی آفیسر ماحولیات اسامہ ماجد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے اب تک 5300 پودے لگائے جا چکے ہیں، جبکہ انسدادِ پلاسٹک مہم اور عوامی آگاہی پروگرامز بھی تیزی سے جاری ہیں۔ مزید برآں، پانی کی ری سائیکلنگ کے پلانٹس نہ لگانے پر 5 سروس اسٹیشنز کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکولوں میں کچرا الگ کرنے والے خصوصی بِنز (ویسٹ سیگریگیشن بِنز) کی تنصیب، اسپتالوں میں ویسٹ مینجمنٹ، انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں اور صنعتی یونٹس کی سخت نگرانی کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔ اس موقع پر کمشنر محمد علی نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی آگاہی مہم کو مسلسل بڑھایا جائے تاکہ گجرات کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔

Exit mobile version