سرائے عالمگیر میں ٹراما سینٹر، نئی مشینری اور نرسنگ سکول کا جلد آغاز، اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ ڈوگر کی زیرِ صدارت تحصیل ہیڈ کونسل کا اہم اجلاس

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) تحصیل میڈیکل ہیلتھ کونسل سرائے عالمگیر کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر و چیئرپرسن ہیلتھ کونسل سعدیہ ڈوگر نے کی۔ اجلاس میں تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال سرائے عالمگیر میں عوامی فلاح و بہبود اور صحت کی سہولیات کو مزید جدید بنانے کے لیے کئی انقلابی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یہ خوشخبری سنائی گئی کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں جدید ترین ٹراما سینٹر کی اوپننگ، نئی طبی مشینوں کی تنصیب اور نرسنگ سکول کا اجراء انشاء اللہ بہت جلد کر دیا جائے گا، جس میں پہلے مرحلے پر 100 طالبات اور طلبہ کے لیے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہو گا۔ اس اہم اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) راجہ محمد اسلم خان، معروف سماجی شخصیت چوہدری رشید انجم، راجہ سرور لمبر پوران، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر بلال بن طارق اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) ڈاکٹر وحید کامران سمیت ہیلتھ کونسل کے دیگر تمام معزز ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے ہسپتال کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کا عزم دہرایا اور اس بات پر زور دیا کہ ان نئے منصوبوں اور نرسنگ سکول کے آغاز سے علاقے میں نہ صرف صحت کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور پیشہ ورانہ تعلیم کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

Exit mobile version