کھاریاں ( طاہر اقبال سے ) کھاریاں کے نواحی علاقے نصیرہ میں آوارہ کتوں کے حملے کا ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں خونخوار آوارہ کتوں نے گلی میں موجود دو سگے بھائیوں پر اچانک حملہ کر کے انہیں بری طرح کاٹ کھایا۔ کتوں کے اس اچانک اور وحشیانہ حملے کے باعث دونوں معصوم بچے شدید زخمی ہو گئے، جنہیں مقامی لوگوں نے بمشکل کتوں کے چنگل سے چھڑایا۔
واقعے کے فوری بعد دونوں بھائیوں کو خون میں لت پت اور شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم، بچوں کے جسموں پر گہرے زخموں اور حالتِ زار کو تشویشناک دیکھتے ہوئے، ہسپتال انتظامیہ نے انہیں مزید بہتر اور ہنگامی علاج کے لیے فوری طور پر گجرات ریفر کر دیا ہے۔
اس ہولناک واقعے کے بعد نصیرہ اور گردونواح کے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور والدین اپنے بچوں کو گھروں سے باہر اکیلا بھیجنے سے کترانے لگے ہیں۔ مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور افسرانِ بالا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خلاف فوری اور سخت ترین ایکشن لیا جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے لرزہ خیز واقعات کا سدِباب ہو سکے۔
