سنٹرل لائبریری بہاولپور کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 611 تصانیف کا عطیہ؛ پروقار تقریب کا انعقاد

بہاولپور کی تاریخی سنٹرل لائبریری میں تحریکِ منہاج القرآن اور نظام المدارس پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک انتہائی باوقار اور علمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عالمی شہرت یافتہ اسکالر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی مایہ ناز 611 علمی و تحقیقی تصانیف لائبریری کو عطیہ کی گئیں۔ اس پروقار تقریب میں نظام المدارس پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ علّامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، منہاج القرآن علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ناظم علامہ اشفاق علی چشتی اور ناظم تنظیمات بہاولپور ڈویژن حافظ محمد وقار قادری نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے فکری گفتگو کی۔

تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علّامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر پیش کی جانے والی علمی، فکری، تحقیقی اور اصلاحی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصانیف امن و رواداری، اعتدال پسندی، بین المذاہب ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک فولادی اور مضبوط فکری بیانیہ فراہم کرتی ہیں، جس کی بدولت آج دنیا بھر میں انتہاپسندی کے خلاف مثبت شعور بیدار ہو رہا ہے۔ مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علّامہ اشفاق علی چشتی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصانیف ہماری نوجوان نسل کے لیے فکری و اخلاقی رہنمائی کا سب سے بہترین ذریعہ ہیں، جن میں محبت، اخوت، برداشت اور انسانیت کے احترام کا درس کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے سنٹرل لائبریری بہاولپور کو اس عظیم علمی ذخیرے کی فراہمی کو فروغِ علم، تحقیق اور امن کے سفارتی پیغام کو عام کرنے کی ایک تاریخی اور قابلِ قدر کاوش قرار دیا۔

ناظم تنظیمات بہاولپور ڈویژن حافظ محمد وقار قادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تحریکِ منہاج القرآن شروع دن سے ہی فروغِ علم، اسلامی تحقیق اور فکری بیداری کے مشن پر گامزن ہے۔ سنٹرل لائبریری کو 611 کتب کا یہ گراں قدر عطیہ دراصل معاشرے میں کتاب دوستی اور مطالعہ کلچر کے احیاء کی ایک عملی کڑی ہے۔ اس پُر اثر تقریب میں صدر نظام المدارس بہاولپور ڈویژن علّامہ نصیر احمد بابر، چوہدری سہیل کامران ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد اصغر شاہین، عتیق الرحمان قریشی، محمد عمران بھٹی، سید آس محمد شاہ، سید ضیاء الحسن شاہ، سید ضیاء الحق شاہ، محمد وقاص، محمد شعبان فریدی، چوہدری محمد اکرم اور حاجی نذیر احمد سمیت بہاولپور کی کثیر تعداد میں علمی، فکری اور سماجی شخصیات نے شرکت کر کے اس علمی اقدام کو سراہا۔

Exit mobile version