اسلام آباد کے علاقے آئی-17 بجنیال نون میں عاطف معاویہ ہومیو کلینک پر ایک روزہ فری ویلفیئر میڈیکل کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس کی تفصیلات ہومیوپیتھک ڈاکٹر واصف حسین (انفارمیشن سیکریٹری ایچ ڈی ایف پاکستان) نے میڈیا سے شیئر کیں۔ یہ فلاحی کیمپ ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن (HDF) پاکستان کے مرکزی صدر ہومیوپیتھک ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ، کوآرڈینیٹر ایچ ڈی ایف پاکستان ہومیوپیتھک ڈاکٹر فدا حسین، صدر ایچ ڈی ایف راولپنڈی/اسلام آباد ہومیوپیتھک ڈاکٹر محمد آصف اور جنرل سیکریٹری ایچ ڈی ایف ضلع راولپنڈی/اسلام آباد ہومیوپیتھک ڈاکٹر کاشف محمود ستی کی خصوصی سرپرستی اور کاوشوں سے سجایا گیا، جس میں مقامی آبادی کے علاوہ ملحقہ علاقوں سے بھی مریضوں کی ایک بڑی تعداد نے پہنچ کر ہومیوپیتھک طریقہ علاج سے استفادہ کیا۔
میڈیکل کیمپ کی خاص بات یہ تھی کہ یہاں عام امراض میں مبتلا جنرل مریضوں کے ساتھ ساتھ خصوصی (اسپیشل) بچوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا اور ان تمام مستحق افراد کو کلینک کی جانب سے بالکل مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 28 مریضوں کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن (HDF) پاکستان کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ویلفیئر میڈیکل کیمپس منعقد کرنے کا اصل اور بنیادی مقصد ہی یہی ہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات، مستحق مریضوں اور بالخصوص اسپیشل بچوں کو ان کی دہلیز پر بہتر، محفوظ اور بلا معاوضہ علاج معالجے کی سہولیات باآسانی فراہم کی جا سکیں تاکہ وہ بھی ایک صحت مند زندگی گزار سکیں۔
مقامی عمائدین اور شہریوں نے ایچ ڈی ایف پاکستان کے اس ہمدردانہ اقدام کو دل سے سراہتے ہوئے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں ایسے فری میڈیکل کیمپس علاقے کے غریب اور نادار مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں اور ان سے غریب خاندانوں پر علاج کا بوجھ کافی حد تک کم ہوتا ہے۔ کیمپ کے اختتام پر ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن (HDF) پاکستان کے صدر ہومیوپیتھک ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ نے تمام شرکاء اور ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ مشن یہیں ختم نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی اسلام آباد اور راولپنڈی کے دور دراز علاقوں میں اس طرح کے فلاحی و فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
