نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاور سیکٹر سے متعلق کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے تینوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ہر ڈسکو کے 50 فیصد سے لے کر 100 فیصد تک شیئر کیپیٹل کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ فیصلے کے مطابق ان کمپنیوں کے شیئر کیپیٹل کی یہ فروخت انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے ساتھ ہوگی، تاہم حتمی عمل درآمد کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا گیا ہے۔



