منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منڈی بہاؤالدین کامران عامر خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں اور بدعنوان عناصر کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ پھالیہ میں تعینات پولیس کانسٹیبل تصور حیات کو منشیات فروشوں سے مبینہ ساز باز، غیر قانونی معاونت اور مجرموں کی سہولت کاری کے سنگین الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان منڈی بہاؤالدین پولیس کے مطابق، کانسٹیبل تصور حیات کے خلاف ہونے والی محکمانہ انکوائری کے دوران یہ بات ثابت ہوئی کہ مذکورہ اہلکار منشیات فروشوں کے ساتھ قریبی رابطے میں تھا۔ ملزم مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر جرائم پیشہ عناصر کو چھوڑ دیتا تھا اور انہیں پولیس چھاپوں سے قبل ہی الرٹ کر کے سہولت کاری فراہم کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے موبائل فون کے ریکارڈ اور ڈیٹا کی مدد سے اہم ترین شواہد اور معلومات حاصل کر لی ہیں، جس کے بعد اسے باضابطہ طور پر حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کامران عامر خان نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ "محکمہ پولیس میں بدعنوان، راشی اور جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ قانون کے محافظوں کو قانون شکنی کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔ محکمہ پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی کالی بھیڑوں کے خلاف یہ بلاامتیاز کارروائی آئندہ بھی سختی سے جاری رہے گی۔”





