پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے شروع؛ سلہٹ میں بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کا امکان، سرفراز احمد کم بیک کے لیے پرعزم

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری فیصلہ کن معرکہ آج سے سلہٹ میں شروع ہو رہا ہے۔ تاہم، کرکٹ شائقین کے لیے مایوس کن خبر یہ ہے کہ اس اہم میچ پر بارش کے گہرے سائے منڈلا رہے ہیں۔ گزشتہ روز سلہٹ میں دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی بھرپور کوشش کی، لیکن وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش کے باعث دونوں ٹیموں کا آؤٹ ڈور ٹریننگ سیشن بری طرح متاثر ہوا۔

بارش کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے سیشن میں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے سیشن میں انڈور (چھت تلے) ٹریننگ کا سہارا لیا۔ بعد ازاں، بارش تھمنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے گراؤنڈ کا رخ کیا اور پچ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث ٹاس اور کھیل میں تاخیر کا قوی امکان ہے۔

میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے ہونے والی شکست کے سبب ٹیم اور شائقین میں مایوسی پھیلی ہے، تاہم انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کھلاڑی ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر دوسرے ٹیسٹ میچ میں جاندار کم بیک کریں گے اور سیریز برابر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

Exit mobile version