پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے ویمنز ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 133 رنز کے بھاری مارجن سے عبرتناک شکست دے دی اور سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بورڈ پر سجایا۔ اس اننگز کی خاص بات قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کی جارحانہ بیٹنگ تھی، جنہوں نے صرف 15 گیندوں پر ففٹی بنا کر ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
224 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمنز ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ زمبابوے کی جانب سے کیلس 32 اور زیمونو 18 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولنگ لائن کا مقابلہ نہ کر سکی۔ پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال نے مہلک بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور نشرہ سندھو نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ان کے علاوہ طوبیٰ حسن، رامین شمیم اور کپتان فاطمہ ثناء نے بھی 1،1 وکٹ حاصل کر کے ٹیم کی یکطرفہ جیت اور کلین سوئپ میں اہم کردار ادا کیا۔
