اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اسے مکمل تباہ کر دیا جائے گا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنے سخت گیر موقف کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر کڑی دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ٹرمپ نے انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ "امید ہے ایران یہ انٹرویو دیکھ رہا ہوگا”۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکہ اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ ایران نے زیرِ زمین تنصیبات سے کچھ میزائل نکالے ہیں، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ یہ تمام میزائل ایک ہی دن میں تباہ کر دیے جائیں گے۔

انٹرویو کے دوران جب امریکی صدر سے ایران کی سرزمین سے افزودہ یورینیم واپس لینے سے متعلق سوال کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں عوامی تعلقات (پبلک ریلیشنز) کے نقطۂ نظر کے علاوہ ایسا کرنا کوئی زیادہ ضروری نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے معاملے پر امریکی سیاست میں بھی گرما گرمی دیکھی جا رہی ہے۔ اس سے قبل امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے دورِ صدارت میں ایران کا معاملہ ایک بھی میزائل فائر کیے بغیر انتہائی کامیابی سے حل کیا تھا، جبکہ موجودہ انتظامیہ کا رویہ خطے میں تناؤ کا سبب بن رہا ہے۔

Exit mobile version