ڈی پی او گجرات اختر فاروق کا تھانہ صدر کھاریاں کا سرپرائز وزٹ، کارکردگی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ضلع گجرات میں قانون کی بالادستی اور پولیسنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے تھانہ صدر کھاریاں کا اچانک (سرپرائز) دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تھانے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانے کے ریکارڈ، روزنامچہ اور مال خانے کی پڑتال کی، جبکہ حوالات میں بند ملزمان کے مقدمات کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے تھانے کے امن و امان اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کو چیک کیا۔

ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے تھانہ صدر کھاریاں کے عملے کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھانے میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گجرات پولیس مظلوموں کی داد رسی اور عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر و فوری انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور فرائضِ منصبی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Exit mobile version