امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم کی عدنان فٹنس کلب کی افتتاحی تقریب میں شرکت و خطاب

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے شادیوال روڈ پر واقع عدنان فٹنس کلب کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالواحد، عدنان فاروقی، ارسلان فاروقی، رضوان فاروقی، راجہ نعیم خاور، قاری میاں احمد، حاجی اسلم جاوید سمیت دیگر ذمہ داران اور شخصیات بھی موجود تھیں۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر طارق سلیم نے نوجوانوں کو جسمانی ورزش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ ہوتا ہے، جو قوم کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے سماجی برائیوں اور مثبت سرگرمیوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کراچی میں کوکین بیچ کر نوجوان نسل کی زندگیاں تباہ کرنے والے پنکی جیسے کردار ہیں، جبکہ دوسری طرف عدنان فاروقی جیسے مخیر لوگ ہیں جو نوجوانوں کو صحت مند اور تندرست دیکھنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی "بنو قابل” پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی بھرپور مہم جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ ملک و قوم کا سرمایہ بن سکیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے فٹنس کلب کے قیام کو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک بہترین تحفہ قرار دیا۔

Exit mobile version