پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ، اب اسے معاشی طاقت بنانا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے کسی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ صرف ملک کے دفاع کے لیے ہیں، اور پوری دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی قوت کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایٹمی طاقت بننے کے بعد اب ہمارا اگلا ہدف پاکستان کو ایک مضبوط معاشی طاقت بنانا ہے، جس کے لیے تمام درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہے، جس کے باعث عارضی جنگ بندی کے باوجود دیگر ممالک کی طرح پاکستانی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے، تاہم حکومت موجودہ حالات کا پوری قوت سے مقابلہ کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پوری قوم متحد تھی اور ہماری افواج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے اٹک میں خودکش حملہ ناکام بنانے والے لیاقت شہید کی قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کے جذبے کو سراہا۔ شہباز شریف نے اعادہ کیا کہ پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملکی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version