میرپور ٹیسٹ: بنگلا دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے ہرا دیا؛ عبداللہ فضل کی نصف سنچری بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی

بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کھیل کے پانچویں اور آخری روز 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں محض 163 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ عبداللہ فضل 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم دیگر بلے بازوں کی جانب سے خاطر خواہ مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی۔

میچ کے پانچویں روز بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے مشکل ہدف دیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شنتو 87 اور مومن الحق 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن تھا؛ پہلی وکٹ صرف 3 رنز پر گر گئی جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ سلمان علی آغا نے 26، اذان اویس اور سعود شکیل نے 15، 15 رنز بنائے۔ بنگلا دیشی بولرز کے سامنے شان مسعود (2)، حسان خان (12) اور حسن علی (1) بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور نعمان علی نے 3، 3 جبکہ شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کے دوران تجربہ کار اسپنر نعمان علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ واضح رہے کہ بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے اذان اویس کی سنچری کی بدولت 386 رنز اسکور کیے تھے۔ پہلی اننگز میں ملنے والی 27 رنز کی برتری بنگلا دیش کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔

Exit mobile version