جہلم (محمد زاہد خورشید) جامع سکول جہلم میں اساتذہ کے پروموشن آرڈرز تقسیم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن (پی۔ای۔اے) ضلع جہلم کے سینیئر وائس پریزیڈنٹ محمد رفیع راجپوت نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے EST سے SST اور PST سے EST کے عہدوں پر ترقی پانے والے تمام مرد و خواتین اساتذہ کو دلی مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد رفیع راجپوت نے کہا کہ اساتذہ کی بروقت ترقی ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور انتھک محنت کا صلہ ہے؛ اس اقدام سے نہ صرف اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ تعلیمی نظام کی بہتری میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے، بالخصوص سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے پروموشن کے اس پورے عمل کو انتہائی شفاف، منظم اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کیا۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب اساتذہ میں آرڈرز تقسیم کیے گئے، جس سے اساتذہ برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔





