آئی پی پیز کا قصہ ختم، بجلی اتنی سستی ہوگی کہ لوگ بیٹریوں میں محفوظ کریں گے: اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے توانائی کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئی پی پیز (IPPs) کے نظام کو مستقل طور پر ختم کر دیا ہے اور اب حکومت اس کاروبار سے مکمل طور پر باہر نکل چکی ہے۔ لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں پاور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مزید 10 ہزار میگا واٹ کے آئی پی پیز لگانے کے منصوبے روک دیے گئے ہیں تاکہ ملکی معیشت پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

​اویس لغاری نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اتنی نمایاں کمی کرنے جا رہی ہے کہ شہری دن کے وقت سستی بجلی حاصل کر کے اسے بیٹریوں میں اسٹور کر سکیں گے اور رات کے وقت استعمال میں لا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت اور زراعت کے لیے نرخ مختلف ہوں گے، جبکہ بی تھری اور بی فور کیٹیگریز کے لیے دن کے وقت بجلی 6 سے 7 روپے تک سستی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے اسمارٹ میٹرز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنیوں کو اسمارٹ میٹر لانے کا موقع دیا جا رہا ہے تاکہ غلط بلنگ اور ڈیفیکٹو میٹرز جیسے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو سالوں میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں بھی نجکاری کے عمل سے گزریں گی جس سے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

Exit mobile version