جون 1, 2026

ڈنگہ: میرے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے ، والدہ کی مدعیت میں جاں بحق ہیڈ کانسٹیبل محمد شکیل کے قتل کا مقدمہ درج

ڈنگہ (کرائم رپورٹر) تھانہ ڈنگہ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل محمد شکیل کو تلخ کلامی کے رنج میں مبینہ طور پر کار سے کچل کر قتل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب 38 سالہ ہیڈ کانسٹیبل محمد شکیل ولد محمد یونس سکنہ پوہلہ، سرکاری ڈیوٹی کے سلسلے میں موٹر سائیکل پر ڈنگہ سے منگوال جا رہے تھے۔

​ایف آئی آر کے مطابق، پونے گیارہ بجے کے قریب جب وہ ماشاء اللہ پیٹرولیم پمپ کے پاس پہنچے تو عقب سے آنے والی ایک تیز رفتار ٹویوٹا کرولا کار (نمبر LE/630) نے انہیں ٹکر مار کر کچل دیا۔ گاڑی فہد ولد جاوید سکنہ کالوساہی چلا رہا تھا، جبکہ کار میں ماذن ولد شہزاد سکنہ جامو بولا اور دو نامعلوم افراد بھی سوار تھے۔

​شدید زخمی ہونے کے باعث ہیڈ کانسٹیبل محمد شکیل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی موٹر سائیکل بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ واقعے کے بعد ملزمان کار چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

​ایف آئی آر کے مطابق اس قتل کی وجہ آدھا گھنٹہ قبل ہونے والی تلخ کلامی بتائی جاتی ہے، جس پر ملزم فہد نے محمد شکیل کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ منگوال میں مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔