اکتوبر 28, 2026

گجرات: نادرا دفتر میں شوہر کی فائرنگ سے اہلیہ قتل، بعد ازاں خودکشی کرلی

کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) گجرات میں علی الصبح نادرا ایگزیکٹو آفس کے اندر فائرنگ کا ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جس میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فوارہ چوک کے قریب واقع داراہ بلوچاں کے رہائشی بلال نامی شخص اپنی 42 سالہ اہلیہ عنبر کو خود موٹر سائیکل پر نادرا دفتر چھوڑنے آیا، لیکن جیسے ہی خاتون دفتر کے اندر اپنے کاؤنٹر پر جا کر بیٹھیں، بلال نے اچانک ان پر فائرنگ کر دی

جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد بلال نے مبینہ طور پر اسی پستول سے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ اس اچانک واقعے سے دفتر اور گردونواح میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سول لائن پولیس کی نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔